مقبوضہ کشمیر،ساتھی کی فائرنگ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک
سرینگر:مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ میں حادثاتی طورپرفائرنگ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 24سالہ بھارتی فوجی اہلکار ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن پرنورکوٹ کے مقام پراپنی رائفل سے حادثاتی طورپر گولی چلنے سے شدید زخمی ہو گیا۔زخمی فوجی کوفوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ادھر بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔دوسری جانب بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے بھارتی پیراملٹری اہلکاروں کے ہمراہ جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق این آئی اے اورپیراملٹری اہلکاروںنے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے متعدد اضلاع میں گھروں پر چھاپے مارے۔ایک حریت کارکن نے سرینگر میں میڈیا کو بتایا کہ این آئی اے ، بھاتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاراپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے کشمیریوں کو ہراساں کررہے ہیں اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں ان کے گھروں کو ضبط اورلیپ ٹاپس اور موبائل فون چھین رہے ہیں۔بھارتی فورسز کی کارروائیوں کیخلاف لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔