ملک بھر میں آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمانوں پر ،تحریک انصاف
اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف نے امپورٹڈحکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں آٹے اور چینی سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تکلیف دہ اضافہ ہوگیا ہے،اپنے آئینی حقوق اور انتخاب کا حق مانگنے والے عوام کو مہنگائی کے ذریعے سزا دینے کا سلسلہ نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، تحریک انصاف کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ شہباز حکومت بیرحمی، نالائقی اور مجرمانہ طرزِ حکومت کی جیتی جاگتی تصویر ہے، اس ظالم سرکار نے پہلے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے کچلنے کی کوشش کی، اب آٹے، چینی اور دیگر اشیائے خورونوش کے دام بڑھا کر عوام خصوصاً کروڑوں غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے میں لگی ہوئی ہے، اس بے رحم حکومت کے ہاتھوں ملک میں بیروزگاری کا سیلاب ہے،تنخواہ دار طبقے کیلئے اپنے بچوں کیلئے دو وقت کی روٹی میسر کرنا مشکل ترین بنا دیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ چھ فیصد کی سالانہ شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3 فیصد کی شرمناک سطح تک گرادیا گیا ہے، میڈیا کے زبان پر تالے ڈال کر عوام کے معاشی قتلِ عام کا ظالمانہ سلسلہ جاری ہے، ان پندرہ ماہ میں روپے کو ردّی، زرِمبادلہ کے ذخائر کو نچوڑ دیا گیا،لارج سکیل مینوفیکچرنگ، زراعت، صنعت اور تجارت کو بیک گیئر میں ڈال کر تباہی کی ڈھلوان پر لڑھکا دیا گیا، ملک کو قرض کے ڈھیر تلے دفن کرکے مزید قرض لے رہے اور اس پر شادیانے بجا رہے ہیں، ان کی بدانتظامی اور نااہلی سے تجربے اور مہارت کی حامل ورک فورس تیزی سے ملک چھوڑ کر جارہی ہے، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 12 لاکھ افراد مایوس ہو کر پاکستان چھوڑ کر باہر جاچکے ہیں،ملک میں باقی رہ جانے والوں کو مہنگائی اور فسطائیت کے دْہرے عذاب میں مبتلا کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ قوم جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس بے چہرہ بندوبست سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں، ریاستی فیصلہ ساز عوام کی حالتِ زار پر رحم کریں اور مجرموں کی سیاست کے مردہ لاشے میں ’’سیاسی انجینئرنگ‘‘ سے روح پھونکنے سے باز رہیں، عوام کو اپنی زندگیاں عذاب بنانے والوں کے محاسبے کا آئینی و جمہوری حق بغیر کسی مداخلت کے دیا جائے۔