ملک میں تاریخ کی بلند ترین مہنگائی پر پہنچ چکی ہے، عمر ایوب
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں تاریخ کی بلند ترین مہنگائی پر پہنچ چکی ہے فاشسٹ حکومت نے اپنے تباہ کن 15 ماہ کے دور حکومت میں ریکارڈ مہنگائی اور معاشی بدانتظامی سے پاکستان کے محنتی عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ٹیم نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ مہنگائی اور معاشی بدحالی اس فاشسٹ حکومت کی کرنسی مارکیٹ میں مداخلت اور درآمدی پابندیوں جیسی معاشی بدانتظامیوں کی وجہ سے ہے، حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے 15 مہینوں میں بجلی کی قیمتوں میں 275 فیصد اضافہ ہوا ہے، روزانہ 10 سے زائد گھنٹے وسیع پیمانے پر لوڈشیڈنگ ایک نیا معمول بن گیا ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایس پی آئی جو اوسط گھرانوں کے ضروری اخراجات کی افراط زر کی پیمائش کرتا ہے ڈرامائی طور پر بڑھ چکا ہے، لوگوں کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہے کہ وہ اپنا گزارہ کر سکیں ،12 ماہ میں قیمتوں میں اضافے کی مثال یہ ہے کہ گندم کا آٹا 132.36 فیصد ، گیس چارجز 108.38، چائے 97.71، چاول 79.60 فیصد مہنگے ہوچکے، چینی 63.72 فیصد ، آلو 62.65، ٹماٹر 60.50، گڑ 57.57، مرچ پاؤڈر 55 اور چکن کی قیمتوں میں 54.52 کا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو سوال ذہن میں آتا ہے وہ یہ ہے کہ اس نااہل فاشسٹ حکومت کی اولین ذمہ داری معیشت کو سنبھالنا تھی، لیکن انہوں نے صرف پی ٹی آئی کو توڑنے اور عمران خان کو گھیرنے پر اکتفا کیا ہے، عمران خان ایک کارنرڈ ٹائیگر ہے جو انشاء اللہ بھاری اکثریت سے واپس آئے گا، خواتین و حضرات اپنے شناختی کارڈ تیار کروائیں، اپنے ووٹ کا اندراج اور مقام چیک کریں، ایک محلہ ٹیم بنائیں، پی ٹی آئی کو سپورٹ کریں اور پولنگ ڈے پر اپنے پولنگ اسٹیشن پر جا کر ‘بلے’ کے نشان پر مہر لگائیں، وطن واپس آکر عمران خان کی شاندار فتح دیکھیں۔