میں بہری نہیں ہوں، چلاو مت‘ جیا بچن اپنے فوٹو گرافر پر برس پڑیں
ممبئی: بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ جیا بچن اپنی نئی فلم’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی اسکریننگ کے موقع پر ایک بار پھر غصّے میں نظر آئیں۔جیا بچن اکثر ہی فوٹو گرافرز کے مشہور گروپ پاپارازی سے ناراض نظر آتی ہیں اور جب بھی فوٹو گرافرز ان کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ شدید برہمی کا اظہار بھی کرتی ہیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے ممبئی میں منعقد ہونے والی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کی اسکریننگ کی تقریب میں اپنے بیٹے ابھیشیک بچن اور بیٹی شویتا بچن کے ساتھ شرکت کی۔جب جیا بچن سرخ رنگ کا خوبصورت روایتی لباس پہنے فلم کی اسکریننگ کی تقریب کے لیے پہنچیں تو پاپارازی فوٹو گرافرز نے بلند آواز میں ان کا نام پکارنا شروع کر دیا۔جیا بچن کو فوٹو گرافرز کا یوں بلند آواز میں بار بار ان کا نام پکارنا بالکل پسند نہیں آیا۔اْنہوں نے فوٹو گرافرز کو ٹوکتے ہوئے غصے سے کہا کہ میں بہری نہیں ہوں، چلاو مت، آرام سے بات کرو۔فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی کی عکس بندی نئی دہلی، ممبئی، جموں و کشمیر اور روس میں کی گئی اور اسے 28 جولائی کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا