نیب کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں ورنہ یہ ملک کو جڑ سے اکھاڑ دیگا، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک بار پھر نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے تماشوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، اس ادارے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں ورنہ یہ ملک کو جڑ سے اکھاڑ دے گا۔ ایک آمر نے نیب قانون بنایا ، جب ھی ہم کوئی تبدیل کرتے ہیںتو سپریم کورٹ نوٹس لے لیتا ہے۔اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) گزشتہ سالوں میں ایک بھی سیاستدان کو نہیں پکڑ سکا، نیب کیسز دیکھ کر ملک میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کرتا نیب قانون میں جعلی کیسز کو ختم کرنے کی گنجائش موجود ہے، نیب عدالتوں میں کیمرے لگا کر عوام کو سماعت دکھانی چاہیے۔ نیب کے تماشوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے، غریب لوگ پندرہ، پندرہ سال سے جیلوں اور عدالتوں میں پھر رہیں ہیں، سب کی زندگیاں مفلوج ہیں مگر نیب اپنی جگہ قائم ہے، اس ادارے کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکیں ورنہ یہ ملک کو جڑ سے اکھاڑ دے گا۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک آمر نے نیب قانون بنایا جس کو ہم تبدیل نہیں کر پاتے، ہم جب قانون تبدیل کرتے ہیں تو سپریم کورٹ نوٹس لے لیتا ہے، سیاست دان گزشتہ 24 سال سے اس قانون سے متاثر ہو رہے ہیں، نیب وہ ادارہ ہے جس نے ملک کے نظام کر تباہ کر دیا ہے، عمران خان ان اداروں کو کیسز بنانے کیلئے استعمال کر رہے تھے۔ ملک میں سابق وزیراعظم کو انصاف نہیں ملے گا تو غریب کو کیسے ملے گا۔ایک سوال کے جواب میںشاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ انتخابات کرانا ن لیگ کا کام نہیں الیکشن کمیشن نے انتخابات کروانے ہیں جس جماعت نے حصہ لینا ہے لے جس نے نہیں لینا نہ لے، ہے، پی ٹی آئی نے دونوں بار بدنیتی پر مذاکرات کیے۔ دوسروں کو چور کہنے والا خود چور ہوتا ہے، آج بات ملک کی ہے، عمران خان کے پاس پونے 4 سال تھے، پنجاب کی کرپٹ ترین حکومت بزدار کی حکومت تھی۔