ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، سکیورٹی پلان تیار
ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے سکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور 3ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 13دسمبر سے ہو گا اور تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق دورے کا سکیورٹی پلان ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تیار کیا گیا، اجلاس میں پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈی آئی جی مقصود احمد کا بتانا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچزکے دوران 800ایس ایس یو کمانڈوز سمیت 1500سے زائد اہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے، ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات کیے جائیں گے اور اسپیشلائزڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پر موجود رہے گی۔
مقصود احمد کے مطابق تماشائیوں کے لیے پارکنگ پوائنٹس سے نیشنل سٹیڈیم تک شٹل بس سروس چلے گی، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔