ٓآسٹریلیا کے ساحل پر پھنسی ہو ئی 51 وہیلز ہلاک، 46 کو واپس سمند ر میں دھکیلنے کی کوشش جاری
سڈنی: آسٹریلیا کے جنوب مغربی ساحلی علاقے چینیز میں 51وہیل پھنس کر ہلاک ہوگئی ہیں۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے محکمہ حیاتیاتی تنوع ڈی بی سی اے کے ترجمان نے بتایا کہ جنوب مغربی ساحل پر پھنسی 51وہیل ہلاک ہوگئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اطلاع موصول ہوئی تھی کہ پائلٹ وہیلز کا ایک جھنڈ چینیزکے ساحل سے تقریبا 150میٹر کے فاصلے پر پھنسا ہوا ہے جس کے فور ی بعد پرتھ چڑیا گھر کے جانوروں کے ڈاکٹر اور سمندری حیوانات کے ماہرین کے ساتھ ساتھ خصوصی سازوسامان سے لیس ڈی بی سی اے کے تجربہ کار عملے کو تعنیات کیا گیا جنہوں نے بتایا کہ 51وہیل راتوں رات ہلاک ہوچکی ہیں تاہم 46زندہ وہیل ساحل کے قریب موجود ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پارکس اور وائلڈ لائف سروس کے اہلکار رجسٹرڈ رضاکار اور دیگر تنظیموں کے نمائندے باقی 46 وہیلز کو گہرے پانی میں واپس دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ممکنہ مردہ اور زخمی وہیلزشارک کو ساحل کے قریب آنے پر راغب کرسکتی ہیں اس لیے سیاح اور مقامی افراد ساحل سمندر سے دور رہیں۔