پرویز الٰہی کی نظر بندی کے احکامات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور : تحریک انصاف کے صدرپرویز الٰہی کی نظر بندی کے احکامات کو عدالت میں چیلنج کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی نظر بندی کے احکامات کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الٰہی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،پرویز الٰہی کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی مقدمات میں بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو ضمانت مل چکی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پرویز الٰہی کی نظر بندی کے احکامات کو معطل کیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کی سفارش کی تھی،پولیس نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو نظر بندی کے احکامات جاری کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ پرویز الٰہی نقصِ امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پرویز الٰہی کی نظر بندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا،جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس سے بھی سابق وزیراعلیٰ کی نظر بندی کے احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں جیل میں بی کلاس کی سہولیات نہ دینے کیخلاف سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی،جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی۔سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو عدالت کے حکم پر پیش کیا گیا تھا۔