پی ایس ایل، بابراعظم کراچی کنگز کی کپتانی کریں گے
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی کپتانی کریں گے۔
ٹوئٹر پر کراچی کنگز کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر بابراعظم کا پیغام شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس خبر سے آگاہ کیا گیا۔ ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ اس بار کراچی کنگز کے کپتان کی ذمہ داری قومی ٹیم کے اسکپر بابر اعظم نبھائیں گے۔
اپنے پیغام میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز میرے لیے فیملی کی طرح ہے ، پچھلے 5 سال سے وہیں سے کھیل رہا ہوں اور اس بار ٹیم اور انتظامیہ نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے مجھے کپتانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ بطور کپتان 100فیصد کردار نبھاؤں، مجھے جب بھی کوئی ذمہ داری دی جاتی ہے تو اسے انجوائے کرتا ہوں اور اس کے لیے بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں ۔
بابراعظم کا کہنا تھاکہ جس طرح عماد وسیم نے بطور کپتان ٹیم کو لیڈ کیا تو کوشش ہوگی کہ اسی کو جاری رکھیں کوشش اور اس بار بھی اچھا کھیل پیش کریں۔