پی ٹی آئی راولپنڈی کے 15صوبائی حلقوں میں تین امیدواروں سے ٹکٹ واپس
راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف نے راولپنڈی کے 15صوبائی حلقوں میں سے3حلقوں پر امیدواروں کی تبدیلی کا بگل بجا دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے موقع پر پہلے سے اعلان کردہ تین امیدواروں سے پارٹی ٹکٹ واپس لے لئے گئے نامزد امیدواروں کی تبدیلی کے بعدکرنل شبیر اعوان،خاتون امیدوار طیبہ ابراہیم اور موجودہ ایم پی اے چوہدر ی عدنان کو انتخابی عمل سے آؤٹ کر کے بالترتیب طارق محمود مرتضیٰ،کرنل (ر)اجمل اورسابق ایم پی اے عارف عباسی کو نیاامیدوار نامزد کر دیا گیا ۔یہ تبدیلی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی7راولپنڈی ii(کہوٹہ،کلر سیداں)،حلقہ پی پی10راولپنڈی v(چکری، چک بیلی،روات چونترہ)اور حلقہ پی پی 11راولپنڈی vi(چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ)میں کی گئی ہے اس بات کا فیصلہ 4رکنی ریویو کمیٹی کی مشاورت سے کیا گیا قبل ازیں پی پی7کا ٹکٹ کرنل شبیر اعوان کو دیا گیا تھا جو اب تبدیل کر کے آر ڈی اے کے سابق چیئر مین طارق محمود مرتضیٰ کو دیا گیاہے، پی پی10کا ٹکٹ ایف بی آر کے اعلیٰ افسر چوہدری ابراہیم گجر کی اہلیہ طیبہ ابراہیم کو دیا گیا تھا جو اب کرنل (ر)اجمل کو جاری کر دیا گیا ہے اسی طرح پی پی11کا ٹکٹ موجودہ ایم پی اے عدنان چوہدری سے واپس لے کر سابق ایم پی اے و سابق چیئرمین آر ڈی اے عارف عباسی کو دے دیا گیا ہے نامزدگیوں میں تبدیلی کے بعدانتخابی نشانات کی الاٹمنٹ تبدیل شدہ امیدواروں کو کر دی گئی ہے یاد رہے کہ نو نامزد تینوں امیدواروں کو نظر انداز کر کے دوسرے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے تھے 2002کے عام انتخابات میں طارق محمود مرتضیٰ نے صوبائی حلقہ پی پی2سے سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ ظفرالحق کے صاحبزادے راجہ محمد علی کے مقابلے میں انتخابات میں حصہ لیا تھاقبل ازیں 2008کے انتخابات میں کرنل شبیر بھی ایم پی اے منتخب ہو چکے ہیں 2013کے عام انتخابات میں کرنل اجمل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے52میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثارکے مقابلے میں انتخابات میں حصہ لیا تھا اور 70ہزار ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ 2018کے عام انتخابات قومی اسمبلی کے حلقہ این اے59سے کرنل اجمل کو نظر انداز کر کے یہ ٹکٹ سرور خان کو دے دیا گیا تھا اس طرح 2013کے انتخابات میں حلقہ پی پی11سے ایم پی اے منتخب ہونے والے عارف عباسی کو ہٹا کر شیخ رشید اور عامر کیانی کی ایما پر 2018میں یہ ٹکٹ عدنان چوہدری کو دے دیا گیا تھاتاہم اب یہ ٹکٹ موجودہ ایم پی اے عدنان چوہدری سے واپس لے کر دوبارہ عارف عباسی کو دے دیا گیا ادھر پارٹی ٹکٹ میں تبدیلی کے فیصلے کو تحریک انصاف کے حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جارہا ہے تحریک انصاف کے کارکنوں کے مطابق مذکورہ تینوں امیدوار تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن اور کارکن دوست ہیں جن کی کامیابی سے نہ صرف راولپنڈی میں تحریک انصاف کو مزید تقویت ملے گی بلکہ سیاسی مخالفین کو انتخابی میدان میں کلین سویپ کرنے میں اس ضمن میں پی پی10کے سابق امیدوار امیدوار عدنان چوہدری نے پارٹی ٹکٹ اور امیدواروں کی تبدیلی سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں فی الوقت کسی تبدیلی سے آگاہ نہیں کیا گیا تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف لینڈ مافیا پہلے سے سرگرم تھا جس نے پہلے سے واضح کر رکھا تھا کہ عدنان چوہدری کو انتخابی ٹکٹ نہیں لینے دیا جائے گا جبکہ ان کی جگہ نامزدنئے امیدواروں کا موقف ہے کہ چونکہ یہ پارٹی کا فیصلہ ہے اور ماضی میں ہم نے پارٹی کے ہر فیصلے کو دل و جان سے قبول کر کے پارٹی کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ہے انہوں نے اس توقع کا اظہار کیاکہ ان کی نامزدگی سے تحریک انصاف راولپندی میں پوری طرح متحد ہو کر عمران خان کے ایجنڈے کی کامیابی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔