ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا:وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ترکیہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کیساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا. ترکیہ اور اس کی عوام نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔ دونوں ممالک کے لوگ یک جان دو قالب ہیں۔
شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کو زبردست کامیابی پر ایک بار پھر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اردوان ایک عظیم رہنما ہیں اور میں صدر اردوان کے ساتھ قریبی طور پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعلقات میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے پاکستان اور ترکیہ میں ریل روڈ منصوبہ اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ دونوں ممالک کا باہمی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھائیں۔ ترک سرمایہ کاروں کو پن بجلی منصوبوں کیلئے دعوت دیں گے۔ ترک سرمایہ کار شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کریں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے۔ ہماری افرادی قوت زیادہ مہارت رکھنے کے باوجود سستی ہے۔ ترکیہ کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت بہترین ثابت ہوسکتی ہیں۔