ڈپٹی کمشنر ملتان نے سرکاری تعلیمی اداروں میں فوری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے
ملتان (ایمرا نیوزآن لائن)
ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے سرکاری تعلیمی اداروں میں فوری بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔محکمہ تعلیم کے حکام کو آئی ٹی لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن اور نئے باتھ رومز کی فوری تعمیر کیلئے اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے سکولز ایجوکیشن کے شعبے میں انقلابی اصلاحات کی جارہی ہیں تاکہ عوام کا سرکاری سکولز پر اعتماد بحال کیا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمران شمش اور سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان سمیت محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ سرکاری سکولز کا امیج اور تعلیمی نتائج بہتر کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور اساتذہ کو جدید تعلیمی نصاب سے روشناس کرانے کیلئے تربیتی کورسز بھی شروع کئے جارہے ہیں۔مدثر ریاض ملک نے کہا کہ صوبے بھر کی تعلیمی رینکنگ میں ملتان کو ٹاپ فائیو میں لانا ٹارگٹ ہے۔موجودہ ملکی صورتحال میں سکاؤٹس کو شہری دفاع کی تربیت بھی کی جائے۔بعد ازاں سی ای او ایجوکیشن شمشیر خان نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔