اسلام آباد (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دنیا بھر سمیت بھارت کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو بھی رہا کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے خبر دی ہے کہ اس حوالے سے یکم جولائی کو وزارت خارجہ حکام کی اسلام آباد میں ایک میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر گفتگو و شنید ہوگی۔
وزارت خارجہ نے جیلوں میں اسیر بھارتی قیدیوں کی تفصیلات چاروں صوبوں سے طلب کی ہیں۔ چاروں آئی جیز جیل خانہ جات کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی وزارت خارجہ نے مراسلہ بھجوا کر تفصیلات منگوائی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم بھارتی جیلوں میں قید تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لانا چاہتے ہیں اور اس کے بدلے ہمسایہ ملک کے قیدی رہا کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ دنیا بھر کی جیلوں قید پاکستانیوں کو رہائی دلا کر وطن واپس لایا جائے گا۔
جن ممالک کے ساتھ پاکستان کے اچھے سفارتی تعلقات ہیں ان سے قیدیوں کی بلامعاوضہ رہائی کی بات کی جائے اور جو خاندان جرمانے کی رقوم ادا نہیں کر سکتے ان کی مدد حکومت کرے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملائیشیا میں قید 320 پاکستانیوں کو رہائی دلا کر وطن واپس لایا گیا ہے جب کہ متحدہ عرب امارات میں قید 572 قیدی بھی اپنے گھر پہنچ چکے ہیں۔
گزشتہ برس دسمبر میں امریکا کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ نے اعلان کیا تھا کہ ماہرین نے طویل تحقیق کے بعد پہلی بار مردوں کے لیے مانع حمل کریم تیار کرلی ہے، جس کی آزمائش بھی شروع کردی گئی۔
بیان میں بتایا گیا تھا کہ ابتدائی طور پر اس کریم کی آزمائش کی گئی تھی، جس میں کوئی بھی نقصان سامنے نہیں آیا تھا اور اب اسے مزید تحقیق اور تجربات کے لیے دنیا بھر کے 450 جوڑوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ساتھ ہی بتایا تھا کہ مردوں کی اس مانع حمل کریم کی آزمائش کا مرحلہ 2022 تک مکمل ہوگا، جس کے بعد اس کے استعمال سے نتائج اخذ کرکے اس مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش یا نہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اور اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس کریم کو آزمانے والے جوڑے نے اسے کامیاب قرار دیتے ہوئے کسی بھی بڑے سائیڈ افیکٹس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’دی ٹائمز‘ کے مطابق مردوں کی مانع حمل کریم کی آزمائش کے لیے جن 450 جوڑوں کو منتخب کیا گیا تھا، ان میں اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا کا ایک جوڑا بھی شامل تھا، جو گزشتہ 6 ماہ سے اس کریم کو استعمال کر رہے تھے۔
کریم کو استعمال کرنے والے 29 سالہ جیمز اورز اور ان کی اہلیہ 27 سالہ ڈینا بارسلے نے بتایا کہ اس کریم کے استعمال کے بعد انہیں اب تک کسی منفی تجربے سے نہیں گزرنا پڑا۔
جیمز اورز نے بتایا کہ اب تک انہیں اس کریم کو استعمال کرتے ہوئے صرف ایک مسئلے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ان کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ کریم کے استعمال سے ان میں جنسی خواہشات بڑھ جاتی ہیں، تاہم انہیں کوئی اور پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
یہ جوڑا رواں برس فروری سے اس کریم کو استعمال کر رہا ہے، یہ کریم صرف مردوں کے استعمال کے لیے ہے۔
یہ کریم مرد حضرات دن میں ایک بار اپنے کاندھے اور سینے پر لگائیں گے۔
یہ کریم ہیئر جیل کی مانند کسی ٹوتھ پیسٹ کی طرح بنائی گئی ہے جو جسم پر لگائے جانے کے چند سیکنڈ بعد خشک ہوجاتی ہے۔
یہ ٹسٹوسیٹرون اور پروجسٹرون کے مرکب سے بنائی گئی ہے اور ماہرین کا دعویٰ ہے کہ یہ کریم مرد کے اسپرمز میں تولیدی جراثیم کی تعداد کو کم کرے گی تاہم جسم پر اس کے کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
پروجسٹرون ایک ایسی دوائی ہے جو خواتین کی مانع حمل دوائیوں میں پہلے ہی استعمال کی جا رہی ہے، تاہم اس کریم میں ٹسٹوسیٹرون کو شامل کیا گیا ہے جو متاثر ہونے والے اسپرمز کی سطح برقرار رکھنے کے لیے کام کرے گی۔
ایڈنبرا کے جوڑے کی جانب سے کریم کے کامیاب تجربے کو شیئر کیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کریم کی آزمائش آئندہ کے اختتام تک مکمل ہوجائے گی، جس کے بعد اسے مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اگر یہ کریم کامیاب ہوگئی تو یہ مردوں کے لیے مانع حمل کی پہلی دوائی ہوگی۔
خیال رہے کہ اس کریم کے علاوہ بھی امریکی ماہرین نے رواں برس مارچ میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مردوں کے لیے مانع حمل گولیاں تیار کرلی ہیں، جن کا ابتدائی تجربہ بھی کامیاب ہوچکا ہے۔
امریکی ماہرین نے مردوں کے لیے تیار کی جانے والی گولیوں کو (11beta-MNTDC) کا نام دیا تھا۔
ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ مجموعی طور پر تیار کی گئی مانع حمل دوا (11beta-MNTDC) ابتدائی طور پر مردوں کے لیے محفوظ ہے، تاہم اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد (ایمرا نیوز آن لائن)
ملک بھر میں بینک اکاؤنٹس مکمل بائیو میٹرک کیے جانے کا آج آخری دن ہے جس کے بعد بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے اکاؤنٹس بند ہو جائیں گے۔
بینکنگ حکام کے مطابق ملک بھر میں بینک اکاؤنٹس کا بائیو میٹرک کروانے کا آج آخری دن ہے۔
حکام کے مطابق کل سے بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل نہ ہونے والے اکاؤنٹس بند ہوجائیں گے۔
بینکنگ حکام کا کہنا ہے کہ لاکھوں بینک اکاؤنٹس بائیو میٹرک سسٹم پر منتقل کر لیے گئے ہیں، مختلف بینکس میں 60 سے 80 فیصد اکاؤنٹس بائیو میٹرک نظام پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔
نیشنل بینک کے ترجمان ابن حسن کے مطابق نیشنل بینک میں 30 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بائیو میٹرک سسٹم میں آچکے ہیں اور تقریباً 80 فیصد اکاؤنٹ ہولڈرز نے بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر لی ہے۔
کشمیر (ایمرا نیوز آن لائن) ’مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو خیرباد کہہ دیا‘بالی وڈ کی18 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہےکہ انہوں نے مذہب کی خاطر بالی ووڈ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو خیر بادکہہ دیا ہے۔ زائرہ وسیم نے 2015 میں اداکار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ‘’دنگل ‘سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں اور اُن کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا جس کے باعث انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا سائٹ فیس بک پر زائرہ وسیم نے ایک طویل پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نےاپنے فیصلے کو درست ثابت کرنے کے لیے قرآن کی متعدد آیات، پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم و خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب کے اقوال کا سہارا لیا ہے۔
زائرہ وسیم نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ پانچ سال پہلے میں نے ایک فیصلہ کیا تھا جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی۔ جیسے ہی میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تو میرے لئے بے تحاشہ مقبولیت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہات کا مرکز بننے لگی۔ مجھے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا۔
آج جب میں نے پانچ سال مکمل کئے تو میں اس بات کا اعتراف کرنا چاہوں گی کہ میں اپنے کام سے خوش نہیں ہوں۔ بے شک یہ فیلڈ میرے لئے بے پناہ پیار، حمایت اور ستائش کا موجب بنی لیکن یہ فیلڈ مجھے جہالت کی طرف لے جارہا تھا اور میں آہستہ آہستہ اپنا ایمان کھو رہی تھی۔
فلم دنگل کی اداکارہ نے کہا کہ چونکہ میں ایک ایسے ماحول میں کام کررہی تھی جہاں میرے ایمان کے ساتھ مسلسل دخل اندازی ہورہی تھی میرا میرے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔
زائرہ وسیم نےمزید لکھا کہ میں اپنے آپ کو تسلی دے رہی تھی کہ میں جو کچھ کررہی ہوں وہ ٹھیک ہے اور اس راہ کا میری ذاتی زندگی پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑرہا تھا۔ لیکن میں اپنی زندگی میں برکت کھونے لگی۔
انہوں نے فلمی کیریئر کو خیر باد کہنےکا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہےکہ بالی وڈ میں میرا سفر تھکاوٹ سے بھرا پڑا رہا۔ میں اپنی روح سے لڑ رہی تھی۔ لہٰذا آج میں اپنی فیلڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتی ہوں۔
واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی ووڈ فلموں جن میں ’دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار اور دی اسکائی از پنک‘ (جو ابھی ریلیز ہونا باقی ہے) میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال جنوری سے اب تک 200 سے زائد لاپتہ افراد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ضیااللہ لانگو نے کہا کہ ‘ہمارے پاس گھروں کو لوٹنے والوں کے یکم جنوری سے اب تک کے اعداد و شمار موجود ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد ہزاروں میں نہیں ہے۔’
تاہم وائس فار بلوچ مِسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ انہوں نے صوبائی حکومت کو 365 لاپتہ افراد کی فہرست دی تھی جن میں سے اب تک 103 افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹے ہیں۔
واضح رہے کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے بلوچستان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے بعد 2009 میں بھوک ہڑتالی اور احتجاجی کیمپ لگایا تھا، تاکہ لاپتہ بلوچ سیاسی کارکنان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ پر دباؤ ڈالا جاسکے۔
صوبائی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ‘وی بی ایم پی’ نے لگ بھگ 10 سال سے جاری احتجاجی کیمپ عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
لاپتہ افراد کا مسئلہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سے تعاون کے لیے پیش کیے گئے 6 نکات میں سے ایک ہے۔
بی این پی (مینگل) نے رہنماؤں نے دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ایک بار پھر ان نکات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کے بعد آئندہ سال کا بجٹ منظور کرانے کے لیے حکومت کی حمایت کی تھی۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ‘صوبے میں ہماری حکومت کے قیام کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی ہماری اولین ترجیح ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘وی بی ایم پی’ نے 250 لاپتہ افراد کی فہرست فراہم کی تھی جبکہ جبری گمشدگیوں سے متعلق کمیشن بھی تقریباً 40 کیسز کی سماعت کر رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جس وزیر اعظم کو وزیر نکالنے اور بجٹ بنانے کا اختیار تک نہ ہو اسے سلیکٹڈ نہیں تو اور کیا کہیں؟
گوجر خان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک معاشی اور قیادت کے ایک ایسے بحران سے گزر رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا اور یہ بحران عمران خان کی نالائقی اور سلیکشن کی بنا پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کہتے تھے کہ جب ان کی حکومت آئے گی تو ملک میں لاکھوں ڈالر آئیں گے، لیکن سلیکٹڈ وزیر اعظم جب بھی آتے ہیں ظلم کرکے بھاگ جاتے ہیں، یہ کہتے ہیں مجھے سلیکٹڈ مت بولو، یہ لفظ تو اب ڈکشنری میں آگیا ہے، جس وزیر اعظم کو وزیر نکالنے اور بجٹ بنانے کا اختیار تک نہ ہو اسے سلیکٹڈ نہیں تو اور کیا کہیں؟’
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ کیسا نیا پاکستان ہے جہاں غریب کا گھر حرام اور بنی گالہ کی تجاوزات حلال ہیں؟ یہ کیسی حکومت ہے جس میں لاڈلی کی آف شور حلال اور نواز شریف کی آف شور حرام ہے؟ یہ کیسی حکومت ہے کہ لاڈلے کے دوست کے بے نامی اکاؤنٹس حلال اور آصف زرداری کے دوست کے بے نامی اکاؤنٹس حرام ہیں؟
انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں ہمارے سابق وزیر بابر اعوان بے قصور اور راجہ پرویز اشرف گناہ گار قرار پائے، یہ کس قسم کا انصاف ہے کہ یا جیل جاؤ یا تحریک انصاف میں جاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، جس دن عوام نے حکومت کی چھٹی کا فیصلہ کرلیا وہ حکومت کا آخری دن ہوگا۔
سابق صدر اور والد آصف علی زرداری اور پھوپھی فریال تالپور کی گرفتاری کے حوالے سے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ‘ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم پر جھوٹے مقدمات بنا کر یہ ہمیں ڈرا لیں گے تو یہ ان لوگوں کی بھول ہے جبکہ کسی صورت اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اسلام آباد: امریکا اور طالبان کے مابین امن مذاکرات عمل کا ممکنہ طور پر فیصلہ کن دور دوحہ میں شروع گیا تاہم امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کا دعویٰ ہے کہ دونوں فریقین کے مابین یکم ستمبر سے قبل امن معاہدہ طے پاجائے گا۔
ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے دوحہ میں مذاکرات کے آغاز کی تصدیق بھی کردی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذاکرات کا باقاعدہ آغاز صبح کیا جانا تھا تاہم وہ قدرے تاخیر دوپہر کے بعد شروع ہوئے، امریکا اور طالبان کے مابین براہ راست مذاکرات کا یہ ساتواں دورہے۔
گزشتہ مذاکراتی دور میں دونوں فریقین کے مابین افغانستان میں 18 سال سے جاری جنگ ختم کرنے کے لیے دو اہم نکات زیر بحث رہےجس میں افغانستان سے امریکی فوجیوں کا انخلا سمیت طالبان اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے جو عالمی حملے کرسکے۔
دوسری جانب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطر اور افغانستان کے حالیہ دورے کی بنیاد پر میں یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ دونوں فریقین مثبت پیش رفت کے خواہاں ہیں۔
خیال رہے چھٹے مذاکراتی دور میں بھی ناکامی پر زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ صرف مذاکرات ناکافی ہیں جب جھگڑے بہت اور عام لوگ مررہے ہوں‘۔
ان کے اس بیان کے بعد سمجھا جانے لگا کہ مذاکرات میں ٹھہراؤ آگیا۔
اس سے قبل 13 مارچ کو زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے تازہ دور میں دونوں فریقین نے ‘بڑی کامیابیوں’ کا دعویٰ کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ فوجیوں کے انخلا اور انسداد دہشت گردی کو یقینی بنانے کے مسودے پر متفق ہیں۔
خیال رہے کہ مائیک پومپیو نے 26 جون کو افغانستان کے غیر اعلانیہ دورے میں صدر اشرف غنی سے ملاقات میں طالبان سے جاری امن مذاکرات اور ستمبر میں افغان صدارتی انتخاب سے قبل سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
مائیک پومپیو نے افغانستان میں 7 گھنٹے گزارے اور ان کا یہ مختصر دورہ امریکی حکام اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے ساتویں مرحلے کے آغاز سے قبل سامنے آیا۔
واضح رہے کہ افغانستان میں اس وقت امریکا کی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار پر مشتمل ہے۔
اسلام آباد (ایمرا نیوز آن لائن) مہنگائی کی ماری عوام کیلئے بری خبر، اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تاہم ماہانہ 50یونٹ والے صارفین کو اضافے سے مستثنی قرار دیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔
اوگرا نے گیس قیمتوں میں اضافہ کر دیا جس کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ والوں کے گیس کی قیمت 127 سے بڑھا کر 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو،200 یونٹ والے صارفین کے لئے گیس کی قیمت 264 روپے سے بڑھا کر 530 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا گیا ہے ۔
جو صارفین ماہانہ 300 یونٹ استعمال کرتے ہیں ان کے لئے قیمت 275 سے بڑھا کر 738 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اورماہانہ 400 یونٹ والے صارفین کے لئے گیس کی قیمت 780 سے بڑھا کر1107 روپے فی ایم ایم بی ٹی یوکر دی گئی جبکہ 400 یونٹ سے زائد والے صارفین گیس کی قیمت 1460 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ادا رکریں گے۔ بڑھائی گئی ان قیمتوں کااطلاق یکم جولائی سے ہوگا ،واضح رہے کہ گیس کا کم سے کم بل 172 روپے 58 پیسے ماہانہ بھجوایا جائے گا۔
اسلام آباد (ایمرا نیوز آن لائن)
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن بکھر رہی ہے، ہماری مخالف سیاسی جماعتیں اس وقت بکھرنے کے موڈ میں ہیں، ن لیگ میں جو گروپنگ ہورہی ہے وہ ان کی اپنی لیڈر شپ کی وجہ سے ہورہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ (ن) میں قیادت کی جنگ ہے، لوگ پارٹی چھوڑ رہے ہیں، ایم این ایز اور سینیٹرز بھی (ن) لیگ کو جلد چھوڑیں گے، رات کو ایک ملاقات میں کچھ لوگ ملے ہیں اور 12 ایم پی ایز کی فہرست جلد سامنے آئے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے اپنے والد کو اقتدار سے نکلوایا، جیل بھجوایا اور قیادت سنبھال لی جب کہ شہباز شریف کی لیڈرشپ پر بھی شب خون مارا، لوگ اس لیے (ن) لیگ چھوڑ رہے ہیں کیونکہ انہیں مریم نواز کی ذہنیت کا پتہ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کبھی کرائسز کے لیڈر نہیں تھے، انہیں پارٹی میں اب کوئی نہیں پوچھتا، وہ پارٹی کے اندر فضل الہیٰ بن کر رہ گئے ہیں، کہتے ہیں جب کشتی ڈوبتی ہے تو بوجھ ہٹا دیا جاتا ہے، شہباز شریف بھی یہی کررہے ہیں، شہباز شریف تمام کمیٹیوں سے استعفا دے چکے ہیں اور وہ اب صرف لیڈر آف اپوزیشن ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کوئی قیادت اور ذہانت نہیں ہے اس لیے پارٹی ٹوٹ کر بکھر رہی ہے جب کہ کل گوجر خان میں چند لوگوں کا اجتماع تھا اور بلاول وہاں خطاب کرنے چلے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘میرا نہیں خیال اپوزیشن سینیٹ چیئرمین کی تبدیلی کا رسک لے گی’۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی بات کو مان کر سیاست کرنے والوں نے اپنا بیڑا غرق کیا، دانیال عزیز کا پتا کریں اب کدھر ہیں، جو لوگ حلقے کی سیاست کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو دیکھ کر سیاست کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپوزیشن کے لیڈر ہی نہیں ہیں، خواجہ آصف نے کہا کہ میں مریم نواز کے مؤقف کی تائید کرتا ہوں، شہباز شریف کا کوئی بیانیہ نہیں، مریم نواز کا بیانیہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور دیگر سلیکٹڈ سلیکٹڈ کرتے رہے اور ہم نے بجٹ پاس کرالیا، خارجہ پالیسی کے نئے اہداف حاصل کرنے جارہے ہیں، چھ ماہ بعد معاشی طور پر حالات بہتر ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا بتانا تھا کہ قطر سے 3 ملین ڈالر کی قسط موصول ہوگئی ہے، 9.8 بلین ڈالر اب تک قرضوں کی مد میں واپس کرچکے ہیں، سود اور قرضہ جو واپس کیا وہ سندھ کے پورے بجٹ کے برابر ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 5600 ارب روپے کا ٹیکس وصولی کا ہدف رکھا ہے، معیشت کا اصل چیلنج ٹیکس کلیکشن ہے۔
ممالک سے تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ جلد پاکستان آرہے ہیں، بھارت سے بھی اب ہمیں مثبت رسپانس ملے گا جب کہ قندھار میں ایک کاسمیٹکس یونیورسٹی اور کابل میں معدنیات کی ایک یونیورسٹی بنانے کی بھی پیش کش کی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے 15 اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ان پر اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر ’مکمل اعتماد‘ کا اظہار کردیا۔
ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق مسلم لیگی رہنماؤں نے بنی گالا میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کی خبروں کی تردید کی۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی معاون نعیم الحق نے رات گئے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ آج وزیراعظم سے مسلم لیگی رہنماؤں کی ملاقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی کی امیدیں اپنی پارٹی سے منشتر ہورہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے 15 اراکین قومی اسمبلی نے بنی گالامیں ڈیڑھ گھنٹہ گزارا۔
نعیم الحق نے مزید بتایا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب انہیں بنی گالا لائے تھے اور تمام 15 اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا‘۔
نعیم الحق نے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے 15 اراکین قومی اسمبلی کے نام ظاہر نہیں کیے۔
مسلم لیگ (ن) کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملاقات سے متعلق رپورٹ کو مسترد کردیا اور دعویٰ کیا کہ یہ محض ایک حربہ جس کے تحت تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کی توجہ بجٹ سے ہٹانا چاہتی ہے جو عالمی مالیاتی ادارے نے تیار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر ظاہر کیے جانے والے ناموں میں ایک نام بھی مسلم لیگ (ن) رہنما کا نہیں ہے، اگرہماری پارٹی کا کوئی رکن قومی اسمبلی کا نام آیا تو اس معاملے پر رائے دیں گے۔