قومی ائلیٹ باکسنگ چیمپیئن شپ کا آغاز، 153مقابلے ہوں گے
کیپٹن بابرفصیح امین (شہید) سپورٹس کمپلیکس فیز 6 ڈی ایچ اے لاہور میں قومی ائلیٹ باکسنگ چمپین شپ کی افتتاحی تقریب ہوئی، مردوں کی 38ویں چیمپیئن شپ میں بارہ ٹیمیں جبکہ دوسری خواتین کی چیمپئن شپ میں سات ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ویٹ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 153مقابلے ہوں گے.
ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے لاہور بریگیڈئیر وحید گل ستی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر محمد خالد محمود نے بریفنگ دی۔ بریگیڈئیر وحید گل ستی نے اپنے خطاب میں باکسنگ فیڈریشن اور ڈی ایچ اے لاہور سپورٹس برانچ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔
چیمپیئن شپ کا پہلا مقابلہ بلوچستان کی رابعیہ بتول اور آزاد کشمیر کی سیرت پرویز کے مابین ہوا جس میں رابعیہ(بلوچستان) سرخرو ہوئیں۔ دوسرا مقابلہ پاکستان نیوی کے زوہیب رشید اور پاکستان آرمی کے محمد فہیم کے مابین ہوا، جس میں زوہیب(نیوی)کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے مہمانِ خصوصی کو ایک مومینٹو پیش کیا۔