سارا کیا دھرا مریم نواز کا ہے،شہباز گل کا الزام
لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن کی سازش مریم نواز نے کی ہے .وہ گورنر ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے .ان کا کہنا تھا کہ لندن میں موجود نوازشریف کا لاہور میں جعلی کورونا ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بننا ملک کے خلاف سازش ہے، مریم نواز اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چوہدری شہباز نے مل کر یہ سازش بنائی. انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نوید نامی شخص کو مریم نواز نے یہ ذمہ داری دی، کورونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، ڈان لیکس پر مریم نواز کو این آر او نہیں دینا چاہیے تھا، اگر ڈان لیکس پر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔
شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے براہ راست پاکستان کے وقار پر حملہ کیا ، ملزم عادل رفیق اسپتال میں ملازم ہے جسے ایم پی اے چوہدری شہباز نے 2015 میں اسپتال میں بھرتی کروایا تھا،علاوہ ازیں عادل رفیق مسلم لیگ ن کا بھی کارکن ہے، ابو الحسن اور عادل رفیق تھانہ گجر پورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی، جبکہ نوید کو بھی جلد جرمنی سے گرفتار کیا جائے گا۔