شہباز کی شاہ چارلس سے ملاقات ، ملکہ کے انتقال پر تعزیت کی
لندن (ایمرا نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں شاہ چارلس سوم سے ملاقات کی اور ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آنجہانی ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک روز قبل لندن روانہ ہوئے تھے، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
گزشتہ ایک برس سے علالت کا شکار ملکہ الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں 8 ستمبر کو انتقال کر گئی تھیں، انہیں آج لندن کی سڑکوں پر تاریخی رسمی سفر کے بعد عالمی رہنماؤں کی موجودگی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے شاہ چارلس سے ملاقات میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی ملکہ دولت مشترکہ ممالک کے شہریوں کی نسلوں کے لئے تحریک اور قوت کا سرچشمہ تھیں۔
وزیر اعظم نے یاد دہانی کروائی کہ پاکستان کے لوگوں کے دلوں میں آنجہانی ملکہ کے 2 دوروں کی یادیں تازہ ہیں، شاہی خاندان اور پاکستانی عوام کے درمیان جذباتی لگاؤ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔
وزیراعظم نے شاہ چارلس کے بادشاہت کے منصب پر فائز ہونے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے نیک خواہشات کااظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ دولت مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اپنی والدہ کے ورثے کو آگے بڑھائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوم کا احترام کرتے ہیں اور جلد از جلد پاکستان میں ان کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں‘۔
آنجہانی ملکہ کے جنازے میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے جو 20 ستمبر سے 26 ستمبر تک جاری رہے