عالمی شہرت یافتہ جاپانی پہلوان انوکی انتقال کرگئے
ٹوکیو(ایمر ا نیوز)جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر انوکی 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔جاپانی میڈیا کے مطابق ریسلر انوکی کچھ عرصے سے خرابی صحت کے سبب اسپتال میں داخل تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
جاپانی میڈیا کا کہنا ہےکہ انوکی جاپانی عوام میں انتہائی مقبول تھے اور ان کی وفات پر حکومت اور عوام افسردہ ہیں۔
انوکی پاکستان اور پاکستانی عوام سے بہت محبت اور انسیت رکھتے تھے، 1979 میں پاکستانی جھارا پہلوان سے شکست کے بعد وہ پاکستان میں مقبول ہوئے تھے، انوکی نے جھارا پہلوان کی وفات کے بعد ان کے بھتیجے کو جاپان میں اپنی نگرانی میں تربیت دی، انوکی پاک بھارت امن کے فروغ کے لیے واہگہ بارڈر پر امن واک کرنا چاہتے تھے۔
انوکی نے عراق امریکا جنگ کے دوران صدام حسین سے ذاتی تعلقات کی بنا پر درجنوں جاپانی شہریوں کو رہائی دلوائی تھی اور انہوں نے صدام حسین کی دعوت پر ہی اسلام قبول کیا جب کہ انوکی کا اسلامی نام محمد حسین رکھا گیا تھا۔
انوکی اپنی وفات تک جاپانی رکن پارلیمنٹ تھے اور چار دفعہ رکن پارلیمنٹ رہے۔