ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر لاہور کی بھی بیشتر مارکیٹس بند کرنے پرغور
لاہور ( وقت ٹی وی آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جزوی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کے بعد اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف بازاروں میں عوام کا رش لگ گیا۔
بازاروں میں رش کے باعث ٹریفک بھی جام ہوگیا جبکہ عوام اور دکانداروں کی جانب سے ضابطہ کار کی خلاف ورزی بھی جارہی ہے۔
لاہور میں شاپنگ کے شوقین بچوں کو ساتھ لے کرمارکیٹوں میں پہنچ گئے، کپڑوں اور جوتوں کی چاہت میں سب بھول گئے، انار کلی مارکیٹ اور مال روڈ پرپولیس کی ہدایات بھی بے کار گئیں۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث لاہور کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں کھل گئی ہیں اورکورونا سے بچاؤ کے ضابطہ کار کی کھلے عام خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور ہال روڑ، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی اور اعظم مارکیٹ کو فوری طورپر بند کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
شرکاء کا کہنا تھاکہ کہ اچھرہ بازار، ٹاؤن شپ بازار سمیت دیگر مقامات پر کوئی حفاظتی اقدامات نظر نہیں آرہے جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضابطہ کارکی خلاف ورزی پر پہلے دکانوں کا چالان ہوگا، پھر دکانیں بند کی جائیں گی۔
اُدھر کراچی میں کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پولیس نے زینب مارکیٹ سمیت کئی بڑی مارکیٹیں سیل کردی ہیں۔ دوسری جانب ملک میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک مہلک وائرس سے 761 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ملک بھر میں مہلک وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 35 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔