امریکی ڈالر مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد تیزی
ملک بھر میں مسلسل دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 33 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 15 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 159 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 51 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 19 پیسے مہنگا ہو گیا تھا اور قیمت 159 روپے 17 پیسے سے بڑھ کر 159 روپے 36 پیسے ہو گئی تھی۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 33.41 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، انڈیکس 47480.49 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 10 کروڑ 24 لاکھ 58 ہزار 788 شیئرز کا لین دین ہوا۔