فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونگے بیرسٹر سید اظفر علی ناصر
جڑانوالہ:وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ یوم تکریم شہدا پر پاک فوج، پولیس و دیگر اداروں کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اپنے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کام فری اینڈ فئیر الیکشن کروانا ہے اورآئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن ہونے چاہئیں لیکن اگر 90 دن کا وقت گزر جائے تو پھر آئین خاموش ہے۔انہوں نے کہا کہ 2008 میں بھی بینظیر بھٹو کی شہادت کے باعث الیکشن 90 دن میں نہیں ہوئے تھے۔ وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ تاہم خلا نہیں ہونا چاہئیے اور منتخب یا نگران حکومت کا قائم رہنا ضروری ہے۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پر امن احتجاج کی آڑ میں نا صرف دہشتگردی بلکہ بغاوت اور غداری کے مرتکب ہوئے اور راولپنڈی میں ایک ارب روپے کے دو میٹرو اسٹیشن جلائے گئے،ریسکیو 1122کی 8 گاڑیاں جلا دی گئیں،جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ ہوا،میانوالی میں دہشتگردی کی گئی اورفیصل آباد میں بھی خفیہ ادارے کے دفتر پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ٹرائل فوجی عدالتوں میں ہونگے۔پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ پرائس کنٹرول انتظامیہ کا کام ہے اورحکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے کہ ریٹس کنٹرول کریں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اس پر توجہ دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ان کا مسئلہ مہنگائی ہے لہٰذا انتظامیہ ریٹس پرلسٹوں کے مطابق عملدرآمد کروائے۔محکمہ اوقاف کے حولے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر اوقاف پنجاب نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی اراضی پر جو قبضے ہوئے ہیں انکے تمام کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں،اوقاف اپنے وسائل خود پیدا کرتا ہے اور درباروں پر تزئین و آرائش اور زائرین کو سہولیات فراہم کرتا ہے۔ صحافیوں کی پروٹیکشن اور صحافی کالونی بارے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن منسٹر عامر میر صحافی پروٹیکشن ایکٹ پر کام کررہے ہیں اور صحافی کالونی پر بھی کام ہو رہا ہے