آریان خان کی گرفتاری:کنگنا رناوت بھی میدان میں آ گئیں
ممبئی (ویب ڈیسک) اداکارشاہ رخ خان کے بیٹے آریان کے خلاف منشیات کا کیس چل رہا ہے.اس معاملے میں مختلف شوبز شخصیات نے اپنا موقف بیان کیاہے .اسی حوالے سے اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی شاہ رخ پر شدید تنقید کی ہے. کنگنا رناوت نے شاہ رخ خان کو بیٹے کی گرفتاری پر طنز کا نشانہ بنایا اور انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ماضی کا واقعہ یاد دلایا کہ کس طرح جیکی چن نے اپنے بیٹے جیسی چن کی منشیات اسکینڈل میں 2014 میں گرفتاری پر معافی مانگی تھی۔جیسی چن کو 7 سال پہلے پولیس نے 100 گرام چرس اپنے اپارٹمنٹ میں رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا۔
بیٹے کی گرفتاری کے بعد جیکی چن نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ ایک عوامی شخصیت ہونے پر دکھی ہوں، بیٹے کی صحیح دیکھ بھال نہ کرنے پر خود سے شرمندہ ہوں، اس کی ماں بھی کرب کا شکار ہے اور میں اس پر معافی کا طلب گار ہوں۔کنگنا نے اس سٹوری کو لگا کر ایک ہیش ٹیگ استعمال کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کو بیٹے کی حرکت پر معافی مانگنے کا مشورہ دے رہی ہیں۔