ایون فیلڈ ریفرنس: مریم کی عدالت سے ایک اور پٹیشن دائر کرنے کی درخواست
اسلام آباد (ویب ڈیسک)اسلام اباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو ہونے والی سزا کے خلاف اپیل میں وکیل تبدیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک پٹیشن کے ذریعے مزید کچھ حقائق عدالت کے سامنے لانا چاہتی ہوں، سزا کیخلاف اپیل کے میرٹ پر دلائل سے قبل اس پٹیشن کو سنا جائے۔اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ آپ کا حق ہے کہ آپ اپنی مرضی سے وکیل مقرر یا کوئی درخواست دائر کریں۔
مریم کے دوران سماعت کمرہ عدالت پہنچنے پر شور شرابہ، جج کا اظہار برہمی،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
مریم نواز نے روسٹرم پر آ کر بتایا کہ ان کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بیماری کے باعث کیس میں مزید وکالت سے معذرت کر لی ہے، نیا وکیل مقرر کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک اور پٹیشن کے ذریعے کچھ حقائق سامنے لانا چاہتی ہوں، اپیل کے میرٹ پر دلائل سے قبل اس پٹیشن کو سنا جائے، میں نہیں چاہتی کہ یہ تاثر جائے کہ کیس میں تاخیر کی جارہی ہے۔
اس موقع پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں، مرضی کا وکیل مقرر کرنا آپ کا حق ہے، آپ جو مرضی پٹیشن دائر کریں آپ کا اختیار ہے اس پر ہم کچھ نہیں کہیں گے۔ مریم نواز نے ایک ماہ کی مہلت طلب کی تو عدالت نے کہا کہ آپ کے کیس پر دلائل جاری ہیں اس لیے اتنا التوا میں نہیں رکھیں گے جس کے بعد سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔