سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم دے دیا
کراچی (ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کو گرانے سے متعلق اہم حکم جاری کر دیا.تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کو گرانے سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کی درخواستیں مسترد کردیں۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت نسلہ ٹاور کے مالک کے وکیل منیر اے ملک نے موقف اپنایا کہ نسلہ ٹاور کی طرح بے شمار عمارتیں کھڑی ہیں، گلاس ٹاور کی طرح ہمیں بھی ریلیف دیا جائے۔
وکیل کے موقف دینے کے بعد چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں تو ساری چیزیں بکتی ہیں، اپروو پلان ہو یا لیز سب بکتا ہے، گلاس ٹاور کے اوپر تو صرف دو فلور تھے، آپ کے پلاٹ کو جہاں رکنا چاہیے تھا وہ آگے چلا گیا، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا یہ ممکن ہے 780 مربع گز سے اضافی جگہ کو گرا دیا جائے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے نسلہ ٹاور کے مکینوں کے وکیل عابد زبیری سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ آپ تو نسلہ ٹاور کے مالک کو پکڑیں۔عدالت نے کمشنر کراچی کو ایک ماہ میں نسلہ ٹاور خالی کرانے کا حکم دے دیا اور متعلقہ حکام سے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی، کیس کی مزید سماعت 2 نومبر کو ہوگی۔