بینکوں کی خدمات سے متعلق صارفین کی شکایات کے انبار
کراچی (ویب ڈیسک)بینک صارفین کی جانب سے بینکوں کی خدمات سے متعلق شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے.تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگیوں، ای کامرس اور آن لائن بینکاری کی سہولت کے استعمال کے ساتھ بینک صارفین کی بینکوں کی خدمات کے حوالےسے شکایات میں تیزی آتی جا رہی ہے.
بینکنگ محتسب کو جنوری تا دسمبر 2020کے دوران بینکوں سے متعلق صارفین کی 24750شکایات موصول ہوئیں تاہم رواں سال پہلے 9 ماہ میں ہی شکایتوں کی تعداد 27500تک پہنچ چکی ہے۔ بینکوں کی خدمات سے متعلق صارفین کی 40فیصد کے لگ بھگ شکایات کا تعلق اے ٹی ایمز، الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر اور ای کامرس سے متعلق ہیں۔رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران بینکنگ محتسب نے صارفین کی بینکوں سے متعلق شکایات کی شنوائی کرتے ہوئے صارفین کو بینکوں سے 47کروڑ روپے کا ریلیف دلوایا جبکہ گزشتہ سال کے 12 مہینوں میں صارفین کو 58کروڑ روپے کا ریلیف دلوایا گیا تھا۔