خلع مقدمات کے انبار، 13800دعوے دائر،6707ڈگریاں جاری
لاہور(رپورٹ:حمزہ لئیق) معاشرتی بے راہ روی نے خاندانی نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا۔ لاہورکی فیملی عدالتوں میں خلع مقدمات کے انبار لگ گئے۔ رواں سال خلع کے13800دعوئے دائر ہوئے۔ شوبز کے مشہور ستارے بھی خلع کیسز کی زد میں رہے۔ تفصیلات کے مطابق میاں بیوی کا ایک حسین رشتہ ہوتا ہے مگر معاشرتی عدم برداشت نے میاں بیوی جیسے مقدس رشتے میں د راڑیں ڈال دیں۔ گھریلو جھگڑوں کے باعث خلع کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے۔ دنیا کو موصول ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق سال2017کے گیارہ ماہ میں 8فیملی عدالتوں میں خلع کے 13800دعوے دائر ہوئے جبکہ فیملی عدالتوں نے6707خواتین کو خلع کی ڈگریاں جاری کیں۔ فلمسٹار نور بخاری، وینا ملک اور گلوکارہ فریحہ پرویز کو بھی رواں سال خلع کی ڈگریاں فیملی عدالتوں نے جاری کیں۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ طلاق کی شرح میں اضافے کی بنیادی وجہ عدم برداشت ہے جبکہ کیبل کلچر وسوشل میڈیا بھی خاندانی نظام کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ماہرین قانون کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے باہمی ہم آہنگی ہونا بہت ضروری ہے۔