نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے لاہور کوٹ لکھ پت جیل منتقل کرنے کے لیے روانہ کر دیا گیا
لاہور(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو راولپنڈیکی اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکھ پت جیل منتقل کرنے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل منتقلی کے لیے سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے لاہور لے جایا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لے جائے جانے کا امکان ہے۔نواز شریف کی لاہور کی کوٹ لکھ پت جیل منتقلی کے موقع پر اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی، ایلیٹ فورس اور جیمر گاڑی پہنچا دی گئی۔اس موقع پر علی الصبح ہی مسلم لیگ نون کے کارکن بڑی تعداد میں اڈیالہ جیل کے باہر جمع ہوگئے جنہوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔آج نواز شریف کی سالگرہ بھی ہے جس کے سلسلے میں نون لیگ کے کارکنوں نے اڈیالہ جیل کے باہر نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ان کی لمبی عمر کے لیے دعائیں بھی کیں۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے گزشتہ روز جیل بھیجے جانے کے بعد رات اڈیالہ جیل میں گزاری ہے، راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نوازشریف کی سیکیورٹی پر 6 اہلکار تعینات رہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو 7سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انہیں نیب نے عدالت سے گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا تھا۔