حکومتی خوف و ہراس کی پالیسی سود مند نہیں ‘ٹیکس نیٹ مزید سکڑ جائیگا‘اشرف بھٹی
ایف بی آر کے چھاپوں کا نوٹس لیا جائے،جلد تاجروں کا کنونشن بلا کر اپنے مطالبات پیش کرینگے‘ آل پاکستان انجمن تاجران
لاہور(ایمرا نیوز آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری اور کاروبار دوست ماحول سمیت سیاسی استحکام بھی نا گزیر ہے‘شہباز شریف نے بطور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی میں ہمیشہ ایشوز پر بات کی ہے جو خوش آئند ہے ،وزیر خزانہ اور وزیر مملکت ریو نیو کی یقین دہانی کے باوجود ایف بی آر کی جانب سے مارکیٹوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔جس کےخلا ف تاجر متفقہ لائحہ عمل مرتب کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجرنمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم احتساب کےخلاف نہیں لیکن بغیر ٹھوس شواہد کسی کو گرفتار نہیں کرنا چاہیے اور سیاسی شخصیات کی گرفتاریوںسے ہر طبقے میں خوف و ہراس پھیلتا ہے جس کے کاروبار پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سنجیدہ سیاسی رہنما ہیں اور انہوں نے قومی اسمبلی میں بھی ہمیشہ ایشوز پر بات کی ہے جس سے حکومت کو رہنمائی لینی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کے چھاپوں کی وجہ سے تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ وزیر خزانہ اور وزیر مملکت ریو نیو اس کا نوٹس لیں اور چھاپوں کا سلسلہ فی الفور روکا جائے۔حکومت کی جانب سے خوف و ہراس کی پالیسی کسی طور پر سود مند نہیں اور اس سے ٹیکس نیٹ بڑھنے کی بجائے مزید سکڑ جائےگا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انشااللہ بہت جلد تاجروں کا ملک گیر کنونشن بلا یا جائےگا جس میں اپنے مطالبات پیش کریں گے۔