70 سال سے بھارت میں رہنا کیا میرے ہندوستانی ہونے کا ثبوت نہیں:نصیرالدین شاہ
لاہور(وقت آن لائن)بھارتی فلموں کے نامور اداکار نصیرالدین شاہ نے بھارت کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کہا ہے کہ اگر 70 سال سے بھارت میں رہنا مجھے ہندوستانی ثابت نہیں کرتا تو مجھے نہیں معلوم مجھے کیا کرنا چاہیئے۔
مسلم مخالف متنازع شہریت قانون اور بی جے پی کے کارکنوں کی جانب سے دہلی کی جواہر لعل نہرویونیورسٹی کے طلبا پر وحشیانہ تشدد کے باعث بھارت کی اندرونی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ پورے بھارت میں مودی کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں جب کہ بالی ووڈ اداکار بھی متنازع قانون اورطلبا پر تشدد کے خلاف کھل کر اپنی آواز اٹھارہے ہیں۔
حال ہی میں بھارت کے لیجنڈری اداکار نصیرالدین شاہ نے اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ نصیر الدین شاہ نے کہا آخر کیوں میرا پاسپورٹ، ووٹرز شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور آدھار کارڈ میرے بھارتی شہری ہونے کے لیے کافی نہیں ہے۔ میرے پاس پیدائش کا سرٹیفیکٹ نہیں ہے تو کیا اس کا مطلب ہے کہ ہم سب بھارتی شہریت سے خارج ہیں؟
نصیرالدین شاہ نے کہا کہ مجھے اس بات کی یقین دہانی کی ضرورت نہیں کہ مسلمانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، میں پریشان نہیں ہوں۔ اگر میری یہاں(بھارت میں) 70 سالوں سے موجودگی مجھے ہندوستانی ثابت نہیں کرتی تو مجھے نہیں معلوم خود کو ہندوستانی ثابت کرنے کے لیے مجھے کیا کرنا ہے۔ میں موجودہ حالات سے خوفزدہ نہیں ہوں بلکہ غصہ ہوں۔