راولپنڈی ٹیسٹ: ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان کے 54 رنز
(ایمرا نیوز آن لائن) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے آخری دن پاکستان نے سری لنکا کی پہلی اننگز کے سکور 308 رنز کے جواب میں لنچ کے وقفے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے ہیں۔ عابد علی اور اظہر علی کریز پر موجود ہیں۔ عابد علی 31 رنز اور کپتان اظہر علی 21 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب شان مسعود بغیر کوئی رنز بنائے سری لنکا کے کاسون رجتھا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ اتوار کی صبح سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز جمعے کے سکور 6/282 پر شروع کی۔ ہفتے کے دن بارش کی وجہ سے ایک اوور کا کھیل بھی نہیں ہو سکا تھا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں اتوار کی صبح دھنن جایا ڈی سلوا نے اپنے کیریئر کی پانچویں سینچری مکمل کی۔ ڈی سلوا کی سینچری مکمل ہوتے ہی سری لنکا نے اننگز ڈکلیئر کردی۔ ڈی سلوا 102 رنز ناٹ آؤٹ اور پریرا نے 16 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل ہفتے کو چوتھے روز کا کھیل بھی خراب موسم کے باعث شروع ہوئے بغیر ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
راولپنڈی میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلسہ جاری رہا تھا جس کے باعث پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا آغاز ہی نہ ہو سکا اور کھلاڑی ڈریسنگ روم تک ہی محدود رہے۔ سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کھیل کے پہلے روز 66 اوورز کا کھیل ہو سکا جب کہ دوسرے روز صرف 20 اوورز اور تیسرے روز 5 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ سری لنکا 91 اعشاریہ 5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا لیے ہیں اور مہمان ٹیم کی پہلی اننگز ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی ہے۔
دھنن جایا ڈی سلوا نے اپنے کیریئر کی پانچویں سینچری مکمل کی (فوٹو: اے ایف پی)تقریباً تین دن کا کھیل بارش کے باعث متاثر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جانے کا قوی امکان ہے۔