سانحہ تیز گام ،سپریم کورٹ کے کارروائی کے حکم کے بعد ریلوے کے اعلیٰ افسر کو معطل کر دیا گیا , نجی ٹی وی
اسلام آباد(میڈیا 92 نیوز آن لائن) پاکستان ریلوے نے سانحہ تیز گام پر اعلی افسر کو معطل کردیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت ریلوے نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ اور گریڈ 19 کے افسر جمشید عالم کو معطل کر دیا۔ وزارت ریلوے نے جمشید عالم کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جمشید عالم کو سانحہ تیز گام آتشزدگی واقعے میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا۔ سپریم کورٹ نے آج سانحہ تیز گام واقعہ پر غفلت کے مرتکب اعلی افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے قریب مبینہ طور پر گیس سیلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 75 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آج صبح سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت ہوئی، وزیر ریلوے شیخ رشید طلب کرنے پر عدالت میں پیش ہوئے، چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ منسٹر صاحب بتائیں آپ کیا کررہے ہیں ،آپ کا ساراکچاچٹھاہمارے سامنے ہے،چیف جسٹس پاکستان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کی سرزنش کردی۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ایسے ریلوے کی ہمیں ضرورت نہیں ،بند کردیں،اس انتظامیہ سے ریلوے نہیں چلنے والی ۔
چیف جسٹس گلزاراحمد نے استفسار کیا کہ ٹرین میں آگ لگنے سے 70 بندے جل گئے آپ نے کیاکارروائی کی ؟وفاقی وزیر نے کہا کہ 29 ذمہ داروں کو ریلوے سے نکال دیا گیا ،چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ 29 چھوٹے افسران ہوں گے بڑے لوگوں کی باری کب آئے گی ؟شیخ رشید نے کہا کہ بڑے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ بھی تو بڑے ہیں آپ کو بھی تو استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا ،ناانجن ہیں ناٹریک ریلوے کی زمینوں پر لوٹ مار مچی ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کراچی سے خیبرتک ریلوے کی زمین لوگوں کو دے دی گئی ہے ،شیخ رشید نے کہا کہ میں نے کسی کو ریلے کی زمین نہیں دی ،18 گھنٹے تک کام کرتا ہوں،معیار پر پورانہ اتراتواستعفیٰ دے دوں گا،38 کنال زمین عدالتی حکم پر واگزارکرائی۔