چیف سیکرٹری پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان کی جانب سے قیدیوں کی بلڈ سکریننگ اور علاج ومعالجے کا فیصلہ
لاہور(حافظ عمر سعید)صوبے میں جیلوں میں نشے کے عادی قیدیوں کی بلڈ سکریننگ، نادرا سے انکی بائیو میٹرک تصدیق کے علاوہ انکے علاج اور بحالی کے سلسلے میں اقدامات کے ساتھ ساتھ تمام تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کی ہیلتھ پروفائلنگ کے جائزے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اہم اجلاس۔
چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں صوبے میں جیلوں میں قید افرادکی بلڈ سکریننگ، نادرا سے انکی بائیو میٹرک تصدیق کے علاوہ نشے کے عادی قیدیوں کے علاج وبحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، سوشل ویلفیئر کے محکموں کے ایڈ منسٹریٹو، سیکرٹریز، آئی جی جیل خانہ جات، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں تعلیمی اداروں اور جیلوں میں منشیات کی روک تھام کے سلسلے میں کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ نشے کے عادی افراد کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلے میں سرکاری سطح پر بحالی مراکز قائم کئے جائیں۔ اجلاس میں تقریبا 25کروڑ روپے کی لاگت سے کالا شاہ کاکو کے قریب بحالی مرکز کے قیام کے پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق تجویزپر تفصیلی غور کیا گیا۔