نئی وفاقی کابینہ آج حلف اٹھائے گی
نئی وفاقی کابینہ آج صبح 9 بجے حلف اٹھائے گی، چوہدری نثار کی معذرت کے بعد احسن اقبال نئے وزیر داخلہ ہوں گے۔ وزارت خارجہ کا منصب 4 سال خالی رہنے کے بعد خواجہ آصف کے حوالے کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خا قان عباسی کی نئی میں وفاقی کابینہ میں خرم دستگیر وزارت دفاع سنبھالیں گے، اسحاق ڈار ایک بار پھر وزیر خزانہ ہوں گے، مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات کا قلمدان دینے کا فیصلہ، سردار ٕمحمد یوسف بدستور وفاقی وزیر مذہبی امور ہی رہیں گے، پاناما کیس میں دفاع کرنے والے دانیال عزیز اور طلال چوہدری کے ساتھ ساتھ سینیٹر مشاہد اللہ بھی کابینہ میں شامل ہوں گے۔
نئی وفاقی کابینہ آج صبح 9 بجے ایوان صدر میں حلف اٹھائے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیں گے۔
اس سے قبل گزشتہ روز وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ کے نامزد ارکان کو خود ٹیلی فون کر کے انہیں وفاقی کابینہ کا حصہ بنانے سے آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق نئی وفاقی کابینہ میں نئے افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے جن میں سینیٹر مشاہد اللہ خان، پرویز ملک، طلال چوہدری، ارشد لغاری، جنید انوار چوہدری، دانیال عزیز اور محسن شاہنواز رانجھا شامل ہیں۔
مشاہد اللہ خان کو ان کی سابقہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پرویز ملک کو وفاقی وزارت تجارت،ارشد لغاری کو وزیر مملکت صنعت و پیدار،جنید انوار کو وزیر مملکت مواصلات کا قلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خرم دستگیر کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں وزارت دفاع سونپی جا رہی ہے۔ انوشہ رحمان وزیر مملکت آئی ٹی ٹیلی کام، سائرہ افضل تارڑ وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز ہوں گی۔
Leave a Reply