آئی ایم ایف نے معیشت کے ابتدائی نتائج کو بہت حوصلہ افزا قراردیا ہے: حماد اظہر
لاہور میڈیا 92 (آن لائن)
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہےکہ آئی ایم ایف نے ملکی معیشت کو حوصلہ افزا قرار دیاہے۔
گزشتہ روز آئی ایم ایف کے وفد نے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے ملاقاتیں کیں جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
’وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے‘
اس حوالے سے وزیر ریونیو حماد اظہر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف ٹیم نے پاکستانی معیشت کے ابتدائی نتائج کو بہت حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔
حماد اظہر نے بتایا کہ آئی ایم ایف ٹیم نے کہا کہ مالی اور بیرونی شعبے کی نمو اچھی ہے، آمدنی میں اضافے کو متاثر کن قرار دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم کی معاونت کے لیے مشیر خزانہ، گورنراسٹیٹ بینک اور سیکریٹری خزانہ موجودتھے جب کہ آئی ایم ایف وفد کی قیادت ڈائریکٹر مڈل ایسٹ وسٹرل ایشیاء جیہاد آزور کررہے تھے۔
وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے وفد کی ملاقات
ریجنل ڈائریکٹر آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق پاکستانی معیشت کے 3 ماہ کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، ریونیو کی شرح نمو میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام آئی ایم ایف کا نہیں بلکہ حکومت پاکستان کا ہے جس کے تحت آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر جب کہ عالمی بینک اور دوسرے مالیاتی ادارے 30 ارب ڈالر سے زیادہ فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہداف کے ازسر نو تعین کی ضرورت نہیں، وزیراعظم عمران خان نے اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے، اہداف کے حصول خاص طور پر توانائی کے شعبے پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے، پروگرام کا بنیادی مقصد ادارہ جاتی اصلاحات ہیں اور اگلے 2 ماہ میں صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔