اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ماہ رمضان کا استقبال
کراچی(وقت آن لائن) ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث صارفین کو مہنگائی سے بھرپور رمضان دیکھنے کو ملا ہے، جہاں تقریباً تمام ضروریات زندگی گوشت، گھی، کھانے پکانے کا تیل، آٹا، پیاز، چکن اور پھلوں کی قیمتیں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گوشت فروشوں نے فی کلو قیمت میں 20 سے 50 روپے تک اضافہ کردیا، جو علاقوں کے حساب سے مختلف ہے، بچھیا کا گوشت جو پہلے 500 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا تھا اس کی قیمت اب 520 سے 540 روپے لی جارہی ہے جبکہ بغیر ہڈی کا گوشت 600 روپے فی کلو کے بجائے 620 سے 640 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ مٹن فروخت کرنے والوں نے بھی قیمتوں کو ہول سیل قیمتوں میں اضافے سے منسوب کرتے ہوئے 950 روپے کلو سے ایک ہزار روپے کلو کردیا۔واضح رہے کہ ماہ مقدس کے آغاز سے کچھ روز قبل ہی مٹن فروخت کرنے والوں نے قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جبکہ میونسپل انتظامیہ اس تمام صورتحال کو ایک جانب کھڑے ہو کر دیکھ رہی ہے اور صارفین کو ریلیٹرز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔