اظہر صدیق نے اسحاق ڈار کی نااہلی کے لیے دائردرخواست واپس لے لی
اسلام آباد(ایمرا نیوز)ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی نااہلی کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی درخواست واپس لے لی۔
الیکشن کمیشن میں سینیٹر اسحٰق ڈار کی نااہلی کے لیے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر رکن سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے اسحٰق ڈار کے خلاف درخواست واپس لینے کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کے بیان پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس سلسلے میں آپ اپنا تحریری بیان جمع کروا دیں۔
الیکشن کمیشن کی تحریری بیان جمع کرانے کی ہدایت کے بعد درخواست گزار اظہر صدیق کی جانب سے ان کے معاون وکیل نے بیان جمع کروا دیا۔
جمع کرائے گئے تحریری بیان میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے، کیس میں قانون کی تشریح درکار ہے، مجاز فورم سے رجوع کریں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر اور دلچسپ ہے کہ گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن نے اسحٰق ڈار کی نااہلی کے لیے دائر کی گئی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ جب سینیٹ کی رکنیت کا حلف ہی نہیں اٹھایا تو نااہل کیسے کریں۔