امریکی نگرانی میں القدس کے خلاف خطرناک سازش ہو رہی ہے،روحانی
تہران (اے این این)ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی قیادت میں فلسطینیوں اور القدس کے خلاف ایک نئی اور خطرناک سازش تیار کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا امریکا کا عالمی قوانین سے علم بغاوت بلند کرنے کے مترادف ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے زیرانتظام اسلامی پارلیمانی اتحاد کے 13 ویں اجلاس سے خطاب میں ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے نے القدس اور فلسطین کو عدم توجہی کا شکار کیا ہے۔ انہوں نے فلسطین اور القدس کو درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے فلسطینی قوتوں کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔صدر روحانی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان القدس باطل، باغیانہ اور فلسطینی قوم پر حملے کے مترادف ہے۔اس موقع پر اسلامی پارلیمانی اتحاد کی مرکزی کمیٹی نے القدس اور فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ بیت المقدس ارض فلسطین کا اٹوٹ انگ ہے اور اس کے دفاع کیلئے فلسطینی قوم کی تحریک انتفاضہ کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔اس موقع پر اسلامی پارلیمانی اتحاد نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ القدس اور فلسطین کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر سختی سے عمل درآمد کرائے اور فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانے کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرے۔
Leave a Reply