آئی سی سی کے اہم سربراہ نے بھارتی سٹے بازوں کے خلاف بڑا انکشاف کردیا
کراچی(نیٹ نیوز/ایمرا نیوز) کرکٹ کرپشن کے نئے اسکینڈل کے منظر عام پر آنے سے ٹھیک 25دن قبل 24ستمبر کی دوپہر جب دبئی میں قیامت خیز گرمی تھی۔آئی سی سی ہیڈ کوارٹر کے ٹھنڈے کمرے میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سابق افسر ایلکس مارشل کے سنسنی خیز انکشاف نے ماحول کو گرما دیا تھا۔ آئی سی سی کی بریفنگ میں سو سے زائد غیر ملکی صحافیوں میں اکثریت بھارتیوں کی تھی۔ایلکس مارشل کہہ رہے تھے کہ دنیا بھر میں ہونے والی لیگز اور بھارتی سٹے باز دنیا بھر میں کرکٹ کے لئے شدید خطرہ ہیں۔آئی سی سی میں کرپشن کے خاتمے کے لئے قائم یونٹ کے سربراہ نے بھارتی سٹے باز انیل منور کی تصاویر دکھائی اور کہا کہ اگر اس کی شہریت کے بارے میں یا انیل منور کے بارے میں کسی بات کا علم ہو تو ہم سے معلومات ضرور شیئر کریں۔ 25دن بعد جب عرب ٹی وی کا اسکینڈل منظر عام پر آیا تو ایلکس مارشل کہتے ہیں کہ واقعے کی تحقیقا ت کررہے ہیں۔