آمدنی سے زائد اثاثے ، کسٹمز کے ریٹائرڈ پرنسپل آپریزر کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج
لاہور (ایم نائن ٹو) لاہور ہائیکورٹ نے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں کسٹمز کے ریٹائرڈ پرنسپل آپریزر کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج کر دی مسٹر جسٹس مرزا وقاص روف کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کسٹمز کے ریٹائرڈ پرنسپل آپریزر افتخار چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کیا ہے جبکہ نیب کے پاس آمدنی سے زیادہ اثاثے بنانے کے کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ نیب نے ملزم کو جھوٹے الزامات کے تحت جون سے گرفتار کر رکھا ہے لہٰذا ملزم افتخار چیمہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے، نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر زاہد منہاس نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ دروان تفتیش ملزم کی تنخواہ سے زیادہ دس کروڑ روپے کے اثاثے سامنے آئے ہیں جبکہ ملزم نے کرپشن کے ذریعے چھ کروڑ سے زائد مالیت کی جائیداد بھی بنائی ، انہوں نے ملزم کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ ملزم ناجائز اثاثوں سے متعلق وضاحت بھی پیش نہیں کر سکا لہٰذا ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں کسٹمز کے ریٹائرڈ پرنسپل آپریزر کی ضمانت پر رہائی کی درخواست خارج کر دی۔
Leave a Reply