ایف بی آر کے تاجروں کے خلاف چھاپے معیشت کے لیے زہر قاتل قرار
لاہور( نیٹ نیوز ) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے ایف بی آر کے چھاپوں اور لاہور چیمبر کے عہدیداروں سمیت دیگر تاجروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈے معیشت کیلئے زہر قاتل ہیں،وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اس کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عہدیداران کے اجلاس میں کیا جس میں جنرل سیکرٹری محبوب سرکی ،لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، نعیم بادشاہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات معیشت کیلئے اچھی علامات نہیںبلکہ اس سے مشکلات سے دوچار معیشت مزید مسائل سے دوچار ہو گی جس کی تمام تر ذمہ داری ایف بی آر پر عائد ہو گی ۔ لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر اور کٹاربندروڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر سید محمود غزنوی نے ایف بی آر کے چھاپوں اور تاجروں کی تذلیل کے عمل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خزانہ اسد عمر سے صورتحال کی فوری درستگی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا انہوں نے کٹاربند روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں محمد نواز اور سیکرٹری چودھری محمد یوسف سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت کا ریونیو بڑھانے اور لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دینے کیلئے ٹیکس سسٹم میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے لیکن اس کے برعکس اقدامات اٹھاکر موجودہ ٹیکس گزاروں کو بھی پریشان کیا جارہا ہے ۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ٹیکس کے سسٹم اور فیڈرل بورڈ آف ریونیومیں ریفارمز کرے ورنہ حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ موجود ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجروں سے مجرموں جیسا سلوک فورا بند کرے اور چھاپے مارنے کے بجائے متعلقہ ایسوسی ایشنوں سے رابطہ کرے ۔