بلاول بھٹو نے کم مدت میں خودکوبڑا لیڈر ثابت کیا،فرزند وزیر
عوام ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے، صوبائی رہنما
پشاور:پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈی نیشن فرزند علی وزیر نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار سے محروم ہونے کے بعد ہوش وحواس کھو چکا ہے اور وہ حصول اقتدار کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہے مگر اب ان کا وقت گیا،عوام نے ان کے روز روز کے تماشوں سے خود کو الگ کرلیا جس طرح انہوں نے اداروں اور ان اداروں کے اعلیٰ افسران کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی اس سے محب وطن پاکستانی مایوس ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کم مدت میں خودکوبڑا لیڈر ثابت کیا اور کم مدت میں عالمی دنیا میں پاکستان کے وقار کو بلند کیا اور اپنے موقف کو منوایا ہے ، اس سے نوجوان قائد کی صلاحیتوں کا اندازہ لگایا جا سکتاہے اس وقت عالمی لیڈروں میں بلاول بھٹو کانام بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بالخصوص خیبرپختونخوا میں بڑے بڑے نامور سیاسی قائدین پیپلز پارٹی میں جلد شامل ہونگے پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ اقتدار میں آ کر غریب عوام کی خدمت اور ان کوروزگار دیا ہے مہنگائی کم کی ہے اب عوام ایک بار پھر پیپلز پارٹی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتی ہے آ نے والے الیکشن میں پیپلز پارٹی ملک بھر سے کامیاب ہوگی اور آ نے والا وزیراعظم انشاء اللہ نوجوان چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہونگے پیپلز پارٹی کے جیالے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں۔