بھارت سے زرِ تلافی ؛ برطانوی وکلا پاکستان کاکیس تیار کرنے لگے
کراچی(میڈیا پاکستان) برطانوی وکلا پاکستان کو بھارت سے زرتلافی دلانے کیلیے کیس تیار کرنے لگے،اس ضمن میں مشاورت کیلیے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی لندن پہنچ گئے، بورڈ اس حوالے سے بجٹ میں ایک ارب روپے سے زائد رقم مختص کر چکا ہے، لیگل فرم کو ابتدائی طور پر ایک ملین پاؤنڈ ادا کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت میں 2007 کے بعد سے کوئی مکمل باہمی سیریز نہیں ہوئی، صرف 2012-13میں گرین شرٹس نے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے پڑوسی ملک کا دورہ کیا تھا، نجم سیٹھی نے اپنے گزشتہ دور کے دوران 2014میں ’’بگ تھری‘‘ کی حمایت کے بدلے آئندہ 8 سال کے دوران 6 باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا، مگر بی سی سی آئی نے حکومتی اجازت نہ ملنے کو جواز بناتے ہوئے ٹال مٹول کی پالیسی جاری رکھی، پی سی بی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا،شہریار خان کے دور میں گورننگ بورڈ اجلاس میں اس حوالے سے سالانہ بجٹ میں ایک ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی۔
پی سی بی نے پہلے نوٹس بھجوایا، پھر دبئی اور انگلینڈ میں مذاکرات کیے، آئی سی سی حکام کے سامنے بات چیت کا بھی کوئی فائدہ نہ ہوا، اس وجہ سے معاملہ تنازعات کمیٹی میں لے جانے کا فیصلہ ہوا، ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے پی سی بی نے ایک معروف برطانوی لیگل فرم کی خدمات حاصل کر لی ہیں جسے ابتدائی طور پر ایک ملین پاؤنڈ (تقریباً14 سے 15 کروڑ روپے) دیے جائیں گے۔
وکلا سے مشاورت کیلیے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی گزشتہ روز لندن روانہ ہو گئے، اس حوالے سے تیاریاں کافی عرصے سے جاری تھیں اب کیس کیسے پیش کریں اس کا فیصلہ ہوگا، آئندہ چند روز میں پی سی بی آئی سی سی کو خط لکھ کر کہے گا کہ ہمارا بھارت سے تنازع ہے اسے حل کرنے کیلیے کمیٹی تشکیل دی جائے، اس کے بعد کمیٹی بنے گی اور سماعت کے بعد کوئی فیصلہ سامنے آئے گا، پی سی بی کو پوری امید ہے کہ اسے بطور زرتلافی بھارت سے بھاری رقم مل جائے گی۔
Leave a Reply