بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں ،مریم اورنگزیب
صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرات سے نبھائے،وزیر اطلاعات و نشریات
اسلام آباد :وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید اپنے نام کی طرح بے نظیر تھیں ،انہوں نے صبر آزما حالات میں بھی ایک بہادر بیٹی، ماں، اہلیہ اور بہن کے رشتے بڑی خوبی اور جرات سے نبھائے،بینظیر بھٹو سیاست میں تدبر، بہادری اور جدوجہد کی روشن مثال ہیں ،بے نظیر بھٹو آخری سانس تک وفاق کی زنجیر بن کر پاکستان کے اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے لئے برسرپیکار رہیں ،وہ خواتین سیاسی کارکنوں کے لئے ایک تحریک کا درجہ رکھتی تھیں جنہوں نے ہمیشہ آمریت کو للکارا ،محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذاتی زندگی میں بھی بہت دکھ سہے لیکن مشکلات ان کی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید طاقتور اور توانا بناتی گئیں،آئین، پارلیمنٹ، جمہوریت، عوامی حقوق اور سماجی بہتری کے لئے بے نظیر بھٹو شہید کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ان کی شہادت پاکستان کا بہت بڑا نقصان تھا جسے قوم کبھی بھلا نہیں سکے گی ،آج کے دن سابق صدر زرداری کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ‘پاکستان کھپے’ کا نعرہ لگا کر پاکستان کے اتحاد کو مزید مظبوط بنایا تھا ،سابق صدر زرداری، بلاول، بختاور اور آصفہ بھٹو سمیت تمام اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں ،اللہ تعالیٰ شہید بے نظیر بھٹو کو اپنے جوار رحمت میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین