جاپانی حکومت نے گریٹر ٹوکیو چھوڑنے پر ہر خاندان کے فی بچہ کو 10 لاکھ ین دینے کی پیشکش
جاپانی حکومت نے گریٹر ٹوکیو چھوڑنے پر ہر خاندان کے فی بچہ کو 10 لاکھ ین دینے کی پیشکش کی ہے۔ ٹوکیو کے 1300 بلدیاتی کمیٹیوں نے اس اسکیم میں شمولیت اختیار کی ہے۔ جانتے ہیں عمارہ ہاشمی کی اس رپورٹ میں۔۔۔
گریٹر ٹوکیو دنیا کا سب سے بڑا شہری علاقہ ہے جس کی آبادی ساڑھے 3 کروڑ سے زیادہ ہے۔ اس وجہ سے جاپانی حکومت نے اسکیم نکالی کہ فی بچہ 10 لاکھ ین جوکہ پاکستانی کرنسی میں 17 لاکھ سے زائدہے، ان خاندانوں کو دیے جائیں گے جو ٹوکیو کو چھوڑ کر دیگر حصوں میں آباد ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد جاپانی دارالحکومت اور اس کے مضافاتی علاقوں کی آبادی میں کمی لاکر دیگر خطوں میں لوگوں کی تعداد بڑھانا ہے۔
اس سے قبل اپریل 2022 میں جاپانی حکومت نے ٹوکیو چھوڑ کر دیگر خطوں میں آباد ہونے والے خاندانوں کو فی فرد 3 لاکھ ین دینے کا اعلان کیا تھا جس سے پہلی بار آبادی میں کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ اسی طرح خاندانوں کو اپنے نئے گھروں میں کم از کم 5 سال گزارنے ہوں گے جبکہ خاندان کے ایک فرد کو کسی نئی جگہ ملازمت کرنا ہوگی۔ ایسے خاندان کو 5 سال سے قبل ٹوکیو لوٹنے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی رقم واپس کرنا ہوگی۔