خواتین کے کھیلوں پر پابندی نہیں، طالبان
کابل (ویب ڈیسک) افغانستان میں خواتین کے کھیلوں پر پابندی کے حوالے سے اہم بیان سامنے آیا ہے.افغان طالبان نے وومن کرکٹ سمیت خواتین کے کھیلوں پر باضابطہ پابندی لگانے کی خبر کی تردید کی ہے۔الجزیرہ نے افغان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین عزیز اللہ فضلی سے اس حوالے سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ان کی طالبان حکومت کے اعلیٰ حکام سے بات ہوئی ہے جنہوں نے بتایا ہے کہ خواتین کے کھیلوں پر کوئی پابندی نہیں، ہمیں خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے کوئی مسئلہ نہیں۔عزیز اللہ فضلی نے مزید بتایا کہ انہیں طالبان نے خواتین کو کرکٹ کھیلنے سے روکنے کا حکم نہیں دیا .ان کا کہنا تھا کہ ہماری 18 سال سے خواتین کی کرکٹ ٹیم ہے، اگرچہ وہ محدود پیمانے پر ہے، تاہم ہمیں اس معاملے میں اپنے مذہب اور ثقافت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے، اگر خواتین شائستہ لباس پہنیں تو ان کا کھیلوں میں حصہ لینا معیوب نہیں، اسلام میں خواتین کو نیکر پہننے کی اجازت نہیں لہٰذا ہمیں اس چیز کا خیال رکھنا ہوگا۔