سرکاری حج کوٹے سے 200 فیصد زائد درخواستیں جمع
خوش نصیبوں کا اعلان کل کیا جائیگا، 3 سال سے ناکام رہنے والوں کی الگ قرعہ اندازی ہوگی
M-92نیوز 2018 میں حج کے خواہشمند افراد نے 10 دنوں کے دوران سرکاری حج کوٹے سے 200 فیصد زائد درخواستیں جمع کرا دیں، سرکاری حج کیلئے 13 بینکوں کی مخصوص برانچوں میں1 لاکھ 19 ہزار 4 سو کے کوٹے کے مقابلے میں تقریباً 3 لاکھ 61 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ ملک بھر کے 13 سرکاری ، نجی اور کمرشل بینکوں کی ہزاروں برانچوں نے گزشتہ روز شام 5 بجے حج درخواستوں کی وصولی بند کر دی۔
کل 26 جنوری بروز جمعہ قرعہ اندازی کے ذریعے حج 2018 کیلئے کامیاب خوش نصیبوں کا اعلان کیا جائیگا، تمام بینک حج درخواستوں کی مد میں جمع ہونیوالی رقم شریعہ اکاؤنٹ میں رکھیں گے۔ شمالی ریجن (پنجاب اور خیبر پختونخوا) کیلئے حج کے اخراجات 2 لاکھ 80 ہزار روپے اور جنوبی ریجن (کراچی، کوئٹہ اور سکھر) کیلئے 2 لاکھ 70 ہزار روپے ہونگے۔ عید الاضحیٰ پر قربانی کیلئے 13 ہزار 50 روپے اس حج پیکیج کے علاوہ جمع کرانا ہونگے، ایسے درخواست گزار جو پچھلے تین یا اس سے زیادہ سالوں میں مسلسل ناکام ہوتے آ رہے ہیں ان میں سے 10 ہزار درخواست گزار وں کا انتخاب ایک الگ قرعہ اندازی کے ذریعے عمل میں لایا جائیگا، اس قرعہ اندازی میں ناکام درخواست گزاروں کوعمومی قرعہ اندازی میں دوبارہ شامل کر کے کامیاب ہونے کا ایک اور موقع دیا جائیگا۔
حج سکیم 2018 کے تحت سرکاری کوٹے میں کوئی بھی ایسا شخص درخواست دینے کا اہل نہیں تھا جو پوری زندگی میں پہلے سرکاری کوٹے سے حج کر چکا ہو، جس شخص نے گزشتہ 3 برسوں میں حج کیا ہو وہ پرائیویٹ کوٹے میں بھی درخواست دینے کا اہل نہیں۔ مکہ مکرمہ میں رواں برس بھی حجاج کرام کو عزیزیہ، بطحہ قریش میں ہی ٹھہریا جائیگا اور حجاج کرام کو حرم پاک اور واپس ان کی رہائشگاہ پر چھوڑنے کیلئے 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ سرکاری سکیم کے حجاج کو دوران قیام مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، منیٰ، عرفات میں تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائیگا۔ تمام حجاج کو ان کی وطن واپسی پر مخصوص پیکنگ میں 5 لٹر زم زم پاکستان میں ایئر پورٹ پر مہیا کیا جائیگا۔ گزشتہ روز حج درخواستیں جمع کرانیوالوں کا رش کم رہا۔ بینک حکام کے مطابق وزارت حج نے بینکوں کو جو سافٹ ویئر دیا ہے وہ بہت جدید ہے، کوئی بھی درخواست گزار جو شرائط پر پورا نہیں اترتا اس کا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سسٹم میں ڈالیں تو سافٹ ویئر ڈیٹا ہی فیڈ نہیں کرتا جس کے باعث ایسے درخواست گزاروں کی درخواستیں پہلے مرحلے پر ہی مسترد ہو جاتی ہیں۔
Leave a Reply