سعودی عرب ،لیبراوراقامہ قوانین کی خلاف ورزی
ریاض:سعودی عرب میں لیبر اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر مزید 14 ہزار 740 تارکین وطن کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ مجموعی طور پر 34 ہزار 103 غیر ملکیوں کی ملک بدری کے احکامات جاری کردیے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران ملک گیر مہم میں 14 ہزار 740 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا ہے جو مملکت کے اقامتی، محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن کا ایک حصے ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 دسمبر سے 4 جنوری تک کی گئی گرفتاریوں میں مملکت کے اقامتی نظام کی خلاف ورزی کرنے والے 8 ہزار 058، سرحدی حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 4 ہزار 283 اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث 2 ہزار 399 افراد شامل ہیں جنہوں نے لیبر ضوابط کی خلاف ورزی کی، حکام نے اسی عرصے کے دوران رہائش، سرحد اور کام کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نقل و حمل، پناہ دینے اور ملازمت دینے میں ملوث 15 مقامی شہریوں کو بھی گرفتار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 34 ہزار 103 غیر قانونی جن میں 1 ہزار 635 خواتین بھی شامل ہیں، اس وقت ملک بدری کے اقدامات کا شکار ہیں۔