سندھ حکومت نے ’دیت‘ کے 33 کروڑ روپے ادا کرکے 37 قیدیوں کو رہائی دلوادی
سندھ حکومت نے متاثرہ اہلخانہ کو دیت، دم اور ارش کی مد میں 33 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کرکے مختلف جیلوں میں جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث قید 37 قیدیوں کو رہا کروادیا۔
لاہور (میڈیا 92 نیوز آن لائن ) ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق جیل حکام نے سندھ حکومت کے مذکورہ اقدام کو مثبت اور متعدد غریب اہلخانہ کے لیے مسرت کا باعث قرار دیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ رہائی پانے والے قیدی اپنے سزائیں مکمل کرچکے تھے تاہم متاثرہ خاندان کو جرمانے کی عدم ادائیگی کے باعث مجبوراً قید تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ سیٹنرل جیل کراچی سے 10، ملیر جیل سے 4، حیدرآباد جیل سے 13، لاڑکانہ جیل سے 4 اور سانگڑھ جیل سے ایک قیدی اپنی سزائیں مکمل کر چکے تھے تاہم جرمانے کی رقم ادا کرنے سے قاصر تھے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جمع کردہ معلومات کے مطابق مذکورہ تمام 37 قیدی قریب خاندانوں سے تعلق رکھتے جو جرمانے کی رقم ادا نہیں کرسکتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ رہائی نصیب پانے والے تمام قیدیوں کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔
وزیر برائے جیل خانہ جات سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ موجودہ صورتحال سندھ حکومت کی مداخلت کی متقاضی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ اقدام اس لیے اٹھایا کہ عدالت کی جانب سے عائد قیدیوں پر جرمانے کی رقم کوئی انفرادی شخص ادا نہیں کرسکتا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جرمانے کی رقم بہت بڑی تھی اور تمام قیدی غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جن کی کوئی مجرمانہ سرگرمیاں نہیں تھیں۔
ہائی کورٹ کے وکیل حیدر علی حیدر نے صوبائی حکومت کے اقدامات سراہاتے ہوئے کہا ’ایسے اقدامات ملک کو فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالتے ہیں‘۔