سندھ میں کون سا پولیس افسر رہ سکے گا مراد علی شاہ نے شرط بتادی
کراچی(وقت نیوز آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں وہ پولیس افسر چلے گا جو صوبے کی پالیسی پر چلے گا اور کوئی صوبے کے مینڈیٹ کے خلاف جائے گا تو کارروائی کریں گے۔
سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ پولیس آزادی سے کام کرے لیکن پولیس پارٹی بن جائے خاص طور پر آئی جی تو وہ پریشان کن ہے، صوبے امن وامان کی صور تحال بہت زیادہ خراب ہے، بہت کوشش کی کہ آئی جی سندھ کو چلائیں لیکن وہ اس قابل نہیں، آئی جی کی نااہلی کی وجہ سے پولیس میں مسئلے کھڑے ہورہے ہیں۔
وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ آئی جی نے چیف سیکریٹری کو خط لکھا کہ میں کپتان ہوں لیکن میری مرضی نہیں چلتی، مجھ سے پوچھے بغیر افسران کی خدمات واپس کیں اور بڑی ہوشیاری سے آئی جی کا خط میڈیا میں لیک کیا گیا، مجھےنہیں پتہ آئی جی سندھ فون پرکس کس سے باتیں کرتے تھے، کرکٹ کی باتیں کرکے پتہ نہیں کس کو خوش کرنا چاہتے تھے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری کابینہ نے آئی جی پرعدم اعتماد کیا کہ اسے اپنے عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں، سندھ میں وہ پولیس افسر چلے گا جو صوبے کی پالیسی پر چلے گا، کوئی صوبے کے مینڈیٹ کے خلاف جائے گا تو کارروائی کریں گے۔