سپریم کورٹ کے انتخابات سے متعلق فیصلہ آنے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان متحرک ہو گئے
لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابات کروانے سے متعلق فیصلہ آنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان متحرک ہو گئے اور انہوں نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے پارٹی کے مختلف رہنمائوں سے ملاقات کی، زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ پرعمران خان نے پارٹی رہنمائوں سے جیل بھرو تحریک کے خاتمے اور تحریک کے سلسلے میں گرفتار رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، عمران خان کی زمان پارک آمد کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے، خاردار تاریں اور بیریئرز دوبارہ لگا دیئے گئے ہیں جبکہ پارٹی کارکنوں نے بھی عمران خان اور ان کے گھر کی سکیورٹی کے حوالے سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں عمران خان نے پنجاب بھر میں انتخابات کرائو مہم کے حوالے سے بھی مشاورت شروع کر دی ہے۔ (شعیب عزیز)