سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا،نیب کے سامنے پیش ہوں گی، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے:مریم نواز
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے 26 مارچ کو پیش ہوں گی جبکہ اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے۔
لاہور میں یوتھ کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کو 2017 میں جھوٹے الزام پرنکالا گیا اور آج 22 کروڑ عوام پوچھ رہی ہے کہ نوازشریف کو کیوں نکالا؟ آپ کے پاس ہے کوئی جواب کہ نوازشریف کوکیوں نکالا؟
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کواقامے پرنکالا گیا، نوازشریف کوبیٹی سمیت جیل بھیج دیا گیا، جنوبی پنجاب محاذ ڈرامےکا ڈراپ سین ہوگیا ہے، چند لوٹوں کے علاوہ کسی نے ن لیگ کو نہیں چھوڑا، یہ لوگ کہتےتھےکہ نوازشریف کی سیاست اورپارٹی ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گی، 26 مارچ کو لانگ مارچ نہیں ہوگا لیکن ان کو اتنا ڈر تھا کہ جس دن لانگ مارچ تھا، اسی دن نیب نے مجھے بلالیا۔
مریم نواز کا کہنا تھاکہ جتنی قربانیاں دینی تھیں دے دیں، اب قربانیاں دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت ہے، اگرنیب نے گڑبڑکرنے کی کوشش کی تو ن لیگ مقابلہ کرے گی۔
اس سے پہلے جاتی عمرا میں مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ اصولی فیصلہ ہوچکاہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا،اور اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے۔
جاتی امرا میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکومت نے عوام کا کچھ نہیں چھوڑا، ابھی عوام سنھلے نہیں اور ان پر مہنگائی کا ایک پہاڑ گرا دیا گیا ہے، حال ہی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، اسٹیٹ بینک کو عالمی اداروں کا ذیلی ادارہ بنایا جارہا ہے، یہ لوگ ملک کو کہاں پہنچانا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات ملکی دفاع کے لیے خطرہ بن گئے، ہم پاکستان کی آذادری اور خود مختاری کے ساتھ کھڑے ہیں۔